منگلورو،7؍ مئی (ایس او نیوز) سائبر جرائم کے تعلق سے جانکاری رکھنے والے ماہرین عوام کو چوکنا کرتے ہوئے کہا ہے کہ کووڈ بوسٹر ڈوز کے نام پر ٹھگنے والوں سے ہوشیار رہیں۔
فریب کاری کے کئی ایسے معاملات سامنے آنے کے بعد وارننگ جاری کرتے ہوئے سائبر ماہرین نے کہا ہے کہ دھوکے باز افراد اپنے آپ کو ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کے اہلکار یا افسر بتاتے ہوئے کووڈ کے دو ڈوز لے چکے لوگوں کو فون کرتے ہیں اورربوسٹر ڈوز کے لئے رجسٹریشن کے نام لوگوں کی آدھار کارڈ سمیت دیگر ذاتی تفصیلات حاصل کرتے ہیں ۔ پھر اس کے بعد بینک کھاتوں سے رقم اڑاتے ہیں۔
سائبر ماہرین کا کہنا ہے کہ بہت سارے لوگوں نے کووڈ کے دو ڈوز لینے کے بعد اپنا سرٹفکیٹ پر سوشیل میڈیا پر پوسٹ کیا ہے ۔ جعلساز افراد اس کا ناجائز فائدہ اٹھا تے ہوئے ان کے فون نمبروں پر کال کرکے تفصیلات حاصل کرتے ہیں اور پھر ان کے کھاتوں سے رقمیں اڑا لیتے ہیں۔
خیال رہے کہ فی الحال دو ڈوز لے چکے 60 سال سے زائد عمر کے افراد کو بوسٹر ڈوز مفت میں ہی دیا جارہا ہے۔
ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کے افسران نے وضاحت کی ہے کہ جن لوگوں نے کووڈ کے دونوں ٹیکے لیے ہیں ان کے فون پر بوسٹر ڈوز کے لئے آٹومیٹک میسیج آ جائے گا ۔ اس کے علاوہ مقامی طبی عملہ یا آشا کارکنان فون کرکے گھر پہنچ جائیں گے ۔ لیکن وہ لوگ آپ سے کسی بھی قسم کی ذاتی تفصیلات دریافت نہیں کریں گے ، کیونکہ ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کے پاس پہلے سے رجسٹر کی گئی آپ کی تفصیلات موجود ہیں ۔ اس لئے اگر کوئی شخص فون کرکے آپ سے آدھار کارڈ کی تفصیلات دریافت کرتا ہے تو اسے ہرگز اپنی تفصیل نہ بتائیں۔